ویب ڈیسک : امریکا کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پاکستان کو 47 لاکھ فائزر ویکسین کی خوراکیں فراہم کردی گئی ہیں۔
سفارتخانے کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین کورونا وائرس کی کسی بھی قسم کے خلاف مؤثر ہے، کورونا مخالف اشتراک کےتحت پاکستان کو تقریباً 7 کروڑ ڈالر کی امداد بھی دی ہے۔ امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نئی فراہم کردہ ویکسین کے بعد امریکا اب تک پاکستان کو مجموعی طور پر 4 کروڑ 14 لاکھ ویکسین فراہم کرچکا ہے ۔ امریکی سفارتخانے نے یہ بھی کہا کہ امریکا کوویکس کے تحت ویکسین کی فراہمی کا سب سے بڑا حصہ دار ہے۔ امریکا 110 ممالک کو کورونا ویکسین کی 40 کروڑ سے زائد خوراکیں دے چکا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید7 ہزار 48 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 25 ہزار 039 ہو گئی۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 61 ہزار 77 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 11.53 فیصد رہی۔کورونا سے پنجاب میں 13 ہزار 160 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 7 ہزار 821، خیبرپختونخوا 5 ہزار 998، اسلام آباد 980، گلگت بلتستان 188، بلوچستان میں 367 اور آزاد کشمیر میں 755 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 41 ہزار 693، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 94 ہزار 166، پنجاب میں 4 لاکھ 78 ہزار 527، اسلام آباد میں ایک لاکھ 27 ہزار 497، بلوچستان میں 34 ہزار 390، آزاد کشمیر میں 38 ہزار 115 اور گلگت بلتستان میں 10 ہزار 651 ہو گئی ہے۔