(علی ساہی) آئی جی پنجاب انعام غنی نے 15دنوں میں کانسٹیبل سے ایس پی رینک تک خالی آسامیوں کو پروموشنزکے ذریعے پُر کرنے کا حکم دیا ہے۔متعلقہ افسران کوپروموشنز کے بعد رپورٹس آئی جی آفس بھجوانے کا حکم دے دیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب انعام غنی نے پنجاب پولیس میں میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق افسران و اہلکاروں کی محکمانہ ترقی کا عمل مکمل کرنے کے لئےاحکامات جاری کردیئے ہیں ۔آئی جی نے کہا ہے کہ تمام خالی آسامیوں پر میرٹ کے مطابق افسران و اہلکاروں کی پروموشنز کو یقینی بنایا جائے۔تمام فیلڈ یا یونٹ سربراہان خالی آسامیوں پر ترقیوں کا عمل مکمل کرکے16فروری تک ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ کورپورٹ دیں گے۔
رپورٹ میں ضلع یا فیلڈ یونٹ میں خالی آسامیوں پر افسران واہلکاروں کی ترقیوں کے بعد سیٹیں پُر ہونے کی تفصیل ہوگی۔تمام کمانڈ افسران ماتحت سٹاف کی محکمانہ پروموشن کے لئے ذاتی نگرانی میں بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔
گزشتہ دنوں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر نے لاہور کے 28 سمیت 156 ترقی پانے والے انسپکٹرز کی ترقیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر کی زیرصدارت سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی کے لئے کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر خرم علی شاہ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ شارق کمال سمیت دیگر افسران نے شرکت کی تھی۔
اجلاس میں 680 سب انسپکٹرز کے نام زیر غور آئے، کوائف مکمل ہونے والوں کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ اگلے ماہ انسپکٹرز سے ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی کے اجلاس بلایا جائے گا۔ ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر نے سب انسپکٹر سے انسپکٹرز کو گریڈ سولہ میں ترقیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔