رواں سال کے پہلے ماہ جرائم کی شرح میں ریکارڈ اضافہ

31 Jan, 2020 | 07:43 PM

Arslan Sheikh

( عرفان ملک ) رواں سال کے پہلے ماہ جرائم پیشہ افراد کی تین سو سے زائد ریکارڈ وارداتیں، ماہ جنوری میں 28 افراد قتل اور چار افراد ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بنے جبکہ پولیس کی کارکردگی مایوس کن رہی۔

لاہور کے باسیوں کے لئے سال دوہزار بیس کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا۔ رواں سال کے پہلے ایک ماہ میں جرائم پیشہ افراد نے شہریوں کے جان و مال پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ چوری اور ڈکیتی کی سب سے زیادہ وارداتیں صدر ڈویژن میں رپورٹ ہوئیں۔ شہریوں سے نہ صرف راہ چلتے بلکہ دن دیہاڑے گھروں اور جہاں ڈاکوؤں کا دل چاہا لوٹ مار کی گئی۔

پولیس اعداد وشمار کے مطابق رواں سال کے پہلے ایک ماہ کے دوران چھ ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصہ کے دوران اڑتالیس سو سے زائد مقدمات درج ہوئے تھے۔ چوری اور ڈکیتی کی تین سو سے زائد وارداتوں میں جرائم پیشہ افراد نے شہریوں کو کروڑوں کی نقدی اور قیمتی سامان سے محروم کردیا۔

پولیس چھوٹی وارداتیں تو دور کی بات ہربنس پورہ اور مناواں میں ہونے والی کروڑوں روپے کی وارداتوں سمیت رائیونڈ روڈ پر سینئر صحافی امتیازعالم کے گھر ہونے والی ڈکیتی کا سراغ بھی نہ لگا سکی۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کا کہنا ہے کہ معمول سے زیادہ جرائم کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں مگر بہترین حکمت عملی سے بڑھتی وارداتوں پر کنٹرول کرلیا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سال دو ہزار انیس کی نسبت سال دو ہزار بیس میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ پولیس اور دیگر اداروں کو جرائم پر قابو پانے کے لئے حکمت عملی بدلنا ہوگی۔

مزیدخبریں