(اکمل سومرو) سرکاری کالجوں میں این جی او کے اشتراک سے تقریبات منعقد کرنے پر پاپندی لگا دی گئی ہے، کالجوں میں تقریبات کو محکمہ کی پیشگی اجازت سے مشروط کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری کالجوں پر حکومت نے پاپندی عائد کر دی ہے کہ کالج پرنسپل کو اپنی مرضی سے تقریبات منعقد کرنےکی اجازت نہیں ہوگی اس ضمن میں ڈی پی آئی کالجز پنجاب کی جانب سے باضابطہ طور پر مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ سرکاری کالجوں میں تقریبات کے انعقاد کی منظوری ڈی پی آئی کالجز سے حاصل کرنا ہوگی اور کالجوں کے پرنسپل سال بھر کی تقریبات کا کلینڈر محکمہ سے منظور کرائیں، اس مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ
کالج میں ہونے والی تقریب کے سپیکر کے ناموں کی منظوری بھی محکمہ سے لینا ہوگی اور جب تک محکمہ کسی نام کی کلیئرنس نہیں دے گا اُس وقت تک تقریب میں کسی کو مدعو نہیں کیا جاسکے گا۔
ڈی پی آئی کالجز پنجاب جہانگیر احمد کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ محکمہ کو اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مخصوص این جی اوز کی تقریبات کالج میں کرائی جاتی ہیں جن پر اب پاپندی عائد کی جارہی ہے۔ کالج میں محکمہ کی اجازت کے بغیر تقریب منعقد کرنے پر پیڈ ا ایکٹ دو ہزار چھ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔