(علی رامے)لاہور والوں پانی احتیاط سے استعمال کرنا سیکھ لو!!حکومت نے پنجاب میں پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے گھریلو صارفین اور کسانوں کو بھی پانی کے استعمال پر لائسنس دینے کا واٹر ایکٹ تیار کرلیا، مجوزہ بل میں شہری اور کسان موٹر پمپ اور ٹیوب ویل لگانے کیلئے اتھارٹی سے لائسنس لیں گے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں پانی کی بتدریج کمی روکنے کیلئے حکومت پنجاب نے نئی حکمت عملی اپنائی ہے جس میں گھریلو صارفین پر بھی قانون لاگو ہوگا۔ محکمہ آبپاشی کی جانب سے بنایا گیا واٹر ایکٹ کا ڈرافٹ سٹی 42 نے حاصل کرلیا ہے، جس میں شہریوں پر بھی پانی کے حصول کیلئے نئے پمپ کی تنصیب کو لائسنس سے مشروط کیا گیا ہے۔
مجوزہ بل کے مطابق کوئی بھی شہری گھر میں پانی کے حصول کیلئے واٹر پمپ لگانے کیلئے لائسنس لے گا۔ بل کے مطابق واٹر رینکر اتھارٹی پانی کیلئے تنصیب کیے جانیوالے پمپ پر لائسنس جاری کرے گی۔
دوسری جانب پنجاب میں کسانوں کیلئے بھی لائسنس کے بغیر ٹیوب لگانے پر پابندی کی تجویز ایکٹ میں شامل کی گئی ہے۔ محکمہ انہار کسانوں کو ٹیوب ویل لگانے کیلئے لائسنس مہیا کرے گا۔ پانی کی کمپنیوں کیلئے واٹر پالیسی کے مطابق بنایا گیا کمیشن لائسنس کے اجراء کا مجاز ہو گا۔