(راﺅ دلشاد)لارڈ میئر کرنل( ر) مبشر جاوید سے نالاں چیئرمینوں کی بڑی بیٹھک، 72 یونین کونسلز کے چیئرمینوں میں سے کئی نے لارڈ میئر کے خلاف طبل جنگ بجا دیا۔
ایم ایم عالم روڈ پر یاسر بروسٹ پر 72 یونین کونسلز کے چیئرمینوں کی بڑی بیٹھک ہوئی۔ جس میں پارٹی قیادت کو لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشرجاوید کے رویے اور تبدیلی کیلئے دستخط شدہ خط ارسال کرنے پر ملی جلی رائے کا اظہار کیا گیا۔ چیئرمینوں کا کہنا تھاکہ لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کے چیئرمینوں کے ساتھ ناروا سلوک کے کئی واقعات ہوئے۔
لارڈ میئر لاہور مخالف دھڑے کا کہنا تھاکہ 13 کروڑ کے ٹینڈرز لگائے گئے۔ لیکن من پسند یونین کونسلز کو نوازنے کی کوشش کی گئی۔ چیئرمینوں کی مداخلت پر ٹینڈرز منسوخ کر دیئے گئے۔ آج کے اجلاس میں 60 کروڑ کے پارکنگ پلازہ کی منظوری نہیں ہونے دینگے۔ لارڈ میئر لاہور سے اپنا حق لینا ہے۔ چیئرمینوں سے رائے طلب کرنے کیلئے پرفارما تقسیم کر دیا گیا۔
جس میں پوچھا گیا کہ کیا آپ لارڈ میئرلاہور کے رویہ سے مطمئن ہیں؟ کیا لارڈ میئر لاہور(ن) لیگ کی حقیقی نمائندگی کر رہے ہیں؟ کیا لارڈ میئر لاہور کی طرف سے فنڈز کی تقسیم منصفانہ ہے؟ کیا لارڈ میئر لاہور کے رویے سے پارٹی قیادت سے ناروا سلوک اور لارڈ میئر لاہور کی تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہیں؟
72 چیئرمینوں میں سے 37 نے لارڈ میئر لاہور کو تبدیل کرنے کیلئے ''ہاں'' کا آپشن دیا۔ 18 نے تبدیلی کے خلاف جبکہ 17 نے کوئی آپشن نہیں دیا۔ تاہم لارڈ میئر لاہور کے رویے سے مطمئن چیئرمینوں کی تعداد صرف 16 تھی۔ جبکہ غیر مطمئن کی تعداد 57 تھی۔