کاشتکاروں کے لیے خوشخبری

31 Dec, 2024 | 04:27 PM

ویب ڈیسک: کاشتکاروں کے لیے خوشخبری، سولرائزیشن پروگرام کے لیے درخواستوں کی وصولی میں 6 جنوری 2025 تک توسیع کردی گئی۔

زراعت ہاؤس لاہور میں سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پروگرام کی تفصیلات اور پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ اس پروگرام پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کی لاگت سے عملدرآمد جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت 10، 15 اور 20 کلو واٹ کے لیے بالترتیب پانچ لاکھ، ساڑھے سات لاکھ اور دس لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 8 ہزار زرعی ٹیوب ویلز جو بجلی اور ڈیزل سے چل رہے تھے، انہیں شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ اب تک 13 لاکھ 40 ہزار کاشتکار کسان کارڈ کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں اور مجموعی طور پر 5 لاکھ 13 ہزار کسان کارڈز فیلڈ میں جا چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسان کارڈ کے ذریعے 53 ارب روپے کی منظوری دی ہے، جس میں سے 32 ارب روپے کی خریداری ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے ہونے والی خریداری کا 90 فیصد صرف کھاد کے لیے استعمال ہوا ہے۔

افتخار علی سہو نے اس پروگرام کو کاشتکاروں کی فلاح کے لیے اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف کاشتکاروں کی مالی حالت بہتر ہوگی بلکہ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔
 

مزیدخبریں