ویب ڈیسک: بھارت میں ممبئی ناگپور سمردھی ہائی وے پر 50 سے زائد گاڑیاں ایک ہی وقت میں پنکچر ہو گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ہائی وے پر گرے لوہے کے بورڈ کی وجہ سے پیش آیا,گاڑیاں اس گرے ہوئے لوہے کے بورڈ کے اوپر سے گزرنے کی وجہ سے پنکچر ہوئیں۔
رات کے وقت پیش آئے واقعے کی وجہ سے ہائی وے پر متاثرہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 29 دسمبر کی رات 10 بجے کے قریب پیش آیا جس سے کئی گاڑیاں اور بڑے ٹرک بھی متاثر ہوئے جس کے باعث ہائی وے پر طویل فاصلے تک ٹریفک جام ہو گیا۔
اس دوران سیکڑوں مسافر رات بھر ہائی وے پر پھنسے رہے۔ بعد ازاں حکام کی جانب سے سڑک پر بورڈ گرنے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔