احمد منصور: خیبرپختونخوا میں ضلع باجوڑ سے ملحق پاک افغان سرحد سے در اندازی کی کوشش کرنے والے تین دہشتگرد سکیورٹی فورسز کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے،شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائیک عبدالرؤف نے جام شہادت نوش کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق تیس اور اکتیس دسمبر کی درمیانی شب سپن وام، شمالی وزیرستان میں افغان علاقے سے دہشت گردوں نے پاکستانی سرحدی پوسٹ پر فائرنگ کی، سکیورٹی فورسز نے افغان علاقے میں موجود دہشتگردوں کی فائرنگ کا موثر جواب دیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں نائیک عبدالرؤف شہیدہو گئے،بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے 31 سالہ نائیک عبدالرؤف کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے اسلحہ، ایمونیشن ، بارودی مواد برآمدہوا۔
آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے افغانستان کی جانب موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے کا کہتا آ رہا ہے،افغان عبوری حکومت سے توقع ہے وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔آئی ایس پی آرنے کہا، توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کارروائیوں کیلئے استعمال ہونے سے روکے گی۔