توقیر اکرم: سال 2023 کا آخری سورج غروب ہوگیا۔ تمام بیتے ہوئے سالوں کی طرح یہ سال بھی بہت سی خوبصورت یادیں چھوڑ گیا اور تلخ لمحات کی یادوں کو اپنے ساتھ ماضی کے تہہ خانے میں لے گیا۔
لاہور میں شہریوں کی بڑی تعداد نے راوی دریا کے پل، پارکوں میں اور عمارات کی چھتوں پر جا کر سال کا آخری غروب آفتاب دیکھا، سال کو خوش دِلی کے ساتھ الوداع کہا اور بیتے ہوئے سال کی خوشگوار یادوں کو ذہنوں میں تازہ کیا۔بعض علاقوں میں دھند کی وجہ سے سال کا آخری غروبِ آفتاب دیکھا نہیں جا سکا۔
لاہور کے زندہ دل شہریوں کو ہمیشہ کی طرح امید ہے کہ نئے سال کا سورج ان کے لئے اور تمام بنی نوعِ انسان کے لئے خوشیاں، بہتری کے نئے امکانات، ترقی کے نئے مواقع اور ماضی کی غلطیوں سے بچنے کے لئے نیا ،بہتر فہم اور شعور لائے گا۔