پنجابی کے نامور شاعر کی یاد میں میلے کا انعقاد

31 Dec, 2022 | 10:20 PM

ویب ڈیسک:پنجابی کے نامور شاعر پروفیسر علی ارشد میر کی یاد میں دو روزہ میر پنجابی میلے کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آج مورخہ 31دسمبر 2022 کو پلاک کے زیر اہتمام پنجابی کے نامور شاعر پروفیسر علی ارشد میر کی یاد میں دو روزہ میر پنجابی میلے کا انعقاد کیا گیا،میلے کے پہلے روز علم و ادب اور مادری زبان پنجابی سے محبت کرنے والوں کے ساتھ ساتھ شائقین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

2 روزہ میلے کے پہلے دن پنجابی زبان و ادب اور اس کے تاریخی تناظر و موجودہ تعلیمی نظام میں پنجابی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سیمنار منعقد ہوئے۔

لال بینڈ کی جانب سے پروفیسر تیمور رحمان نے میلے کی رونق کو چار چاند لگائے، ترنجن تھیٹر کی جانب سے ناٹک پیش کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ ندیم عباس اور ساتھیوں نے صوفی رقص پیش کرتے ہوئے حاضرین و سامعین کے دل موہ لیے۔

میلے میں ساہیوال کی مشہور ادبی و سیاسی شخصیت قسور مبارک بٹ کی یاد میں اک شام بھی منائی گئی، میلے میں لاہور شہر اور پنجاب کی دھرتی کے کونے کونے سے مہمان اور شائقین نے بھرپور شرکت کی۔

واضح رہے کہ یکم جنوری 2023 کو میلے کا دوسرا دن ہے جس میں مختلف سیمینار اور پنجابی مشاعرہ بھی ہو گا، جس میں ملک بھر کے نامور شاعر شرکت کریں گے، قوالی اور صوفی رقص بھی پیش کیا جائے گا۔

میلے میں موسیقی کے پروگرام میں علی عمران شوکت، سعد ضیائی، مشہور کلاسیکل کتھک ڈانسر نگہت چودھری اور لال بینڈ بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔

مزیدخبریں