عمران خان کی شخصیت کا بت پاکستان سے بڑا ہے؟احسن اقبال

31 Dec, 2022 | 04:22 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک : وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کیا عمران خان کی شخصیت کا بت پاکستان سے بڑا ہے؟ وہ اور پی ٹی آئی صبح شام کہتے ہیں پاکستان ڈیفالٹ کرنے جا رہا ہے۔

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ میں نے کسی پاکستان کے دشمن سے نہیں سنا کہ پاکستان ڈیفالٹ کر رہا ہے، 2022 میں ایک نااہل وزیر اعظم کو پہلی بار تحریک عدم اعتماد سے ہٹایا گیا، این آر او کے ذریعے عمران نیازی کو مسلط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 2019 سے لے کر 2022 تک پاکستان کی معیشت گرتی رہی، وفاقی حکومت کے تمام وسائل قرضوں کی ادائیگی میں چلے جاتے ہیں، 1700 ارب روپے قومی قرضوں کی ادائیگی میں ادا کیے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں انتہا پسندی کی گنجائش نہیں‘
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انتہا پسندی کی گنجائش نہیں، پاکستان کی معیشت پر سیاست نہیں کی جا سکتی، گزشتہ حکومت کے اقدامات کے باعث دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھایا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران خان مسلسل یہ فضا قائم کرتے ہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کرنے لگا ہے، یہ وہ جنگ ہے جس کو ہائیبریڈ وار کہا جاتا ہے، ہم کسی مصلحت کے تحت حکمرانی نہیں کر رہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو معلوم ہے کہ وہ ملک کے ساتھ کیا کر کے گئے ہیں، اگر وہ ملک کی تعمیر نہیں کر سکتے تو کم از کم اپنی زبان بند رکھیں، پی ٹی آئی اور عمران نیازی پاکستان کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، مایوسی پھیلا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان بین الاقوامی سطح پر مسلسل یہ مہم چلا رہے ہیں امداد نہ دی جائے، کیا یہ پاکستانیت ہے؟ ملکی معیشت کو بحال کرنے کا چیلنج قبول کر کے سیاسی فیصلے نہیں کیے، سیلاب زدگان کے لیے ملنے والی امداد کو روکنے کے لیے یہ مسلسل مہم چلا رہے ہیں۔

’عمران اور بزدار نے عدالتی فیصلے کی دھجیاں اڑائیں‘
لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں کس نے بلدیاتی اداروں اور نمائندوں کو معطل کیا تھا، ہمیں تو فوری توہین عدالت کا نوٹس ہو جاتا ہے، عمران خان اور عثمان بزدار نے عدالتی فیصلے کی دھجیاں اڑائیں، کوئی نہیں پوچھتا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان کے خلاف بدگمانیاں اور مایوسی پھیلا رہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت سیلاب زدگان کی عالمی امداد روکنے کے لیے مہم چلا رہی ہے، 2018 میں عوام نے پنجاب میں ن لیگ کو مینڈیٹ دیا، ہم سے وہ مینڈیٹ چھینا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار نے بلدیاتی اداروں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو روندا، 7 ماہ تک دونوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کیا، عدالت کو نوٹس لینا چاہیے کہ ایک شخص آئین و قانون کو روندتا ہے۔

پی ٹی آئی والے ہمیں نہیں پاکستان کو ٹارگٹ کر رہے ہیں‘
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ لاہور کے ماسٹر پلان میں رئیل اسٹیٹ مافیا سے پیسے لے کر گرین ایریا کو اڑا دیا گیا ہے، اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا کہ جتنے بھی مشکل فیصلے ہیں وہ کریں گے، پنجاب پر دوبارہ ایسی حکومت مسلط کر دی گئی جس کے پاس مینڈیٹ نہیں تھا۔

احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے جانتے ہیں وہ ملک کے ساتھ کیا کر گئے، پی ٹی آئی والے ہمیں نہیں پاکستان کو ٹارگٹ کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں