(عظمت مجید)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہےکہ اومی کرون ویرینٹ دیگر ویرینٹ سے اس لئے خطرناک ہے کیونکہ یہ ایک شخص سے دوسرے شخص کو جلد اپنا شکار بنا لیتا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ اومی کرون کے باعث ساری دنیا میں کیسز بڑ ھ رہے ہیں،اس وقت پنجاب میں اومی کرون کے کنفرم 35 کیسز ہیں ،آنے والے دنوں میں یہ تعداد بڑھے گی کیونکہ اس وائرس کی پھیلنے کی طاقت بہت زیادہ ہے۔
سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اومی کرون ایک شخص سے دوسرے شخص کو بہت جلد اپنا شکار بنا لیتا ہے ،ہم نے اس سے بچنا ہے تو فوری طور پر ویکسین لگوانی پڑے گی، ویکسینیشن کروانے کے بعد بھی کورونا ہوسکتا ہے مگر اس کی شدت زیادہ نہیں ہوگی لیکن جو لوگ ویکسینیشن نہیں کروائیں گے، ان کے لئے خطرے کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ویکسین کی دونوں ڈوز لگوا لی ہیں اور چھ ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے، وہ برائے مہربانی بوسٹر ڈوز لگوائیں، اس کے علاوہ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، ہاتھوں کو دھوئیں، ماسک کا استعمال لازمی کریں کیونکہ کورونا سے بچنے کا واحد راستہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا اور ویکسین لگوانا ہی ہے۔