(مانیٹرنگ ڈیسک) سال 2021 اپنے اختتام کو ہےآج 2021 کا آخری دن ہے اور کل نئے سال کا نیا سورج طلوع ہوگا، تاہم جاتا ہوا یہ سال باقی سالوں کی طرح اپنے ساتھ بہت سی شوبز شخصیات کو لے گیاجنہوں نے لاکھوں دلوں پر راج کیا۔
نیلو فربیگم
سال 2021 کے پہلے ماہ 30 جنوری کو ماضی کی معروف اداکارہ اور شان شاہد کی والدہ نیلو فر انتقال کر گئیں تھیں۔
اعجاز درانی
یکم مارچ 2021 کو پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار اور میڈم نور جہاں کے شوہر اعجاز درانی طویل علالت کے بعد 88 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔
کنول نصیر
پاکستان کی پہلی ٹی وی میزبان کا اعزاز رکھنے والی ریڈیو اناؤنسر کنول نصیر کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 26 مارچ کو 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھی۔
حسینہ معین
27 مارچ کو پاکستانی ڈراموں کی ’ملکہ‘ کہلائی جانے والی ڈراما نگار حسینہ معین 79 برس کی عمر میں فانی دنیا سے رخصت ہوئیں۔
شوکت علی
2اپریل 2021 کو طویل عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا پاکستان کے نامور فوک گلوکار شوکت علی سی ایم ایچ انتقال کر گئے تھے ۔
ڈھولچی گونگا سائیں
19اپریل 2021 کو عالمی سطح پر شہرت رکھنے والے معروف ڈھولچی گونگا سائیں حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے لاہور میں انتقال کرگئے تھے۔
سنبل شاہد
6 مئی کو سینئر اداکاراؤں بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن اداکارہ سنبل شاہد کورونا کے باعث انتقال کرگئی تھیں۔
فاروق قیصر عرف انکل سرگم
معروف فنکار و مزاح نگار فاروق قیصر عرف انکل سرگم 15 مئی کو حرکت قلب بند ہونے سے 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
فرہاد ہمایوں
جون 2021 کو پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور موسیقار اور کوک سٹوڈیو میں ڈرمر کے فرائض سرانجام دینے والے فرہاد ہمایوں انتقال کرگئے۔
اداکار انور اقبال
یکم جولائی کوپاکستان کے سینئر اداکار انور اقبال بلوچ علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔
سلطانہ ظفر
16 جولائی کو پاکستان کی لیجنڈری اداکارہ سلطانہ ظفر انتقال کرگئی تھیں۔
دردانہ بٹ
12 اگست کوسینئر اداکارہ دردانہ بٹ کورونا کے باعث 83برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئی تھیں۔
طلعت اقبال
24 ستمبر کوسینئر اداکار طلعت اقبال امریکا کے ہسپتال میں علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔
عمر شریف
2 اکتوبر کو سب کو ہنسانے والے عمر شریف جرمنی میں انتقال کر گئے تھے، انہیں علاج کے لیے امریکا منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔
پپو سائیں
ایوارڈ یافتہ ڈھول استاد ذوالفقار علی المعروف ’پپو سائیں‘ طویل عرصے تک علیل رہنے کے بعد 8 نومبر کو انتقال کر گئے تھے۔