فرید کوٹ ہاؤس (علی ساہی)محکمہ ایکسائز نے 31 دسمبر تک ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے گاڑی مالکان پر50 فیصد جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈائریکٹر ایکسائز نے یکم جنوری سے ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف ناکہ بندی کا عندیہ دیدیا، مالی سال کے پہلے 6 ماہ گزرنے کے باوجود 35 فیصد گاڑی مالکان کی جانب سے ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی گئی، محکمہ ایکسائز کی جانب سے ڈیفالٹرز کیخلاف بھر پور کارروائیوں کا بھی عندیہ دیا گیا۔
ڈائریکٹر ریجن سی راناقمرالحسن کا کہنا ہے کہ 31دسمبر تک ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والوں پر 50 فیصد جرمانے عائد کیے جائیں گے، ایک سال کے ڈیفالٹرز کو جرمانہ جبکہ اس سے بڑے ڈیفالٹرزکی گاڑیاں بند کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہورسمیت پنجاب بھر میں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 7 لاکھ 70 ہزار گاڑی مالکان سے 3 ارب 20 کروڑ کا ٹیکس وصول کیا گیا، لاہور سمیت پنجاب بھر میں 4 لا کھ 30 ہزار گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا گیا، گاڑی مالکان کے ذمہ ڈیڑھ ارب سے زائدکی رقم واجب الادا ہے۔