غیر قانونی سرگرمی پر قانون فوراً حرکت میں آئے گا: حسان خاور

31 Dec, 2021 | 10:50 AM

Ibrar Ahmad

ویب ڈیسک :  ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے  کہ نئے سال پر اپنے شہر اور ماحول کو محفوظ بنانا ہے ، شہری غیر قانونی سرگرمیوں میں بالکل بھی ملوث نہ ہوں ورنہ قانون حرکت میں آئے گا۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ ہمارا عزم اپنے معاشرے کو ہر طبقے کے لیے محفوظ بنانا ہے،  اسلحے کا استعمال اور ہوائی فائرنگ کرنا غیر قانونی ہے، پبلک مقامات پر ہلڑ بازی، آتش بازی، ون ویلنگ سےزندگی خطرے میں نہ ڈالیں،لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی، منشیات کا استعمال، سائلنسر نکالنا غیر قانونی ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ ہوائی فائرنگ سمیت کسی غیر قانونی سرگرمی پر قانون فوراً حرکت میں آئے گا، شہری غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع پولیس کی ہیلپ لائن 15 پر دیں، امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت پنجاب اور پنجاب پولیس کا ساتھ دیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر عابد کا کہناتھا کہ  ہوٹلز، شادی ہالز، فارم ہاؤسز اور چھتوں پر سالِ نو کی تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کی گئی ہے، اس حوالے سے پولیس اور انتظامیہ نے کسی کو این او سی جاری نہیں کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ سالِ نو پر  ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائیں گے، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی جب کہ سوشل میڈیاکے ذریعے بھی ہوائی فائرنگ اور  ون ویلنگ کرنے والوں کو واچ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں