شاہد ندیم سپرہ: لیسکو کی جانب سے پرائیویٹ ہاوسنگ سکیمز کو بجلی دینے کے معاملے پر بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، پیپکو نے چار سال کے دوران چار سے چھ میگاواٹ پر منظور ہونیوالے کنکشنز کا ریکارڈ مانگ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں ہاوسنگ سوسائٹیز کو بجلی دینے کے معاملے پر بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، لیسکو نے پیپکو پالیسی کو تبدیل کر کے صارفین کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا، ذرائع نے بتایا کہ ہاوسنگ سکیم کو گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لئے بتیس کنال اراضی فراہم کرنا ہوتی ہے۔
تاہم کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ترمیم کر کے دس کنال اراضی لیکر گرڈ اسٹیشن کی منظوری دیدی ہے، کمپنی کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے پر پیپکو نے رپورٹ طلب کی ہے، لیسکو سے گزشتہ چار سال کے دوران سوسائٹیز کو بجلی دینے کی تفصیلات مانگ لی گئی ہیں، دستاویزات کے مطابق سب ڈویژن ، منظور شدہ لوڈ سمیت تمام کوائف کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔