( عثمان علیم، ذیشان صفدر ) شہر کچرہ کنڈی میں تبدیل، جوہر ٹاؤن بھلہ چوک اور اطراف میں کوڑے کے پہاڑ، کوڑے سے چوک بلاک ہو گیا۔
انتظامیہ کے شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ لاہور شہر میں باقی مقامات کی طرح گجر پورہ سوکھی ٹالی گھوڑے شاہ روڈ میں بھی کچرے کے پہاڑ بن گئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر کو صاف کرنے میں ناکام ہوگئی۔ کراچی کے بعد ملک کا دوسرا بڑا شہر بھی کچرا کنڈی میں تبدیل ہونے لگا۔ گجرپورہ کے رہائشی گندگی کے ڈھیر سے پریشان دکھائی دیے۔
گجر پورہ کے رہائشیوں نے علاقے سے صفائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چوک گھوڑے شاہ روڈ پر پہلے کبھی اتنا کچرا جمع نہیں ہوا تھا۔ لیکن اب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ کوڑا اُٹھانے ہی نہیں آتا، جس سے ٹریفک کے مسائل بھی پیدا ہونے لگے ہیں ۔
ادھر جوہر ٹاؤن ای بلاک بھلہ چوک اور اطراف میں گندگی اور کوڑے کے ڈھیر لگ گئے۔ ایل ڈبلیو ایم سی اور ضلعی انتظامیہ شہر کی متعدد شاہراہوں سے تاحال کوڑا نہ اٹھا سکے، ڈرم بھرنے اور خالی نہ کرنے سے کوڑا سڑکوں اور اطراف میں پھینکا جانے لگا۔ کوڑے کے باعث گندگی اور تعفن پھیلنے لگا ہے۔