حکومت نے عوام کو نئے سال کا پہلا تحفہ دیدیا

31 Dec, 2020 | 04:06 PM

Arslan Sheikh

( شہزاد خان ابدالی ) حکومت کی طرف سے غریب عوام کے لیے 2021 کا پہلا تحفہ، ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا، اب صارفین کو ایل پی جی 147 روپے فی کلوگرام کے حساب سے دستیاب ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کردیا ہے۔ 15 روپے اضافےکے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 180روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 692 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ گھریلو سلنڈر 1733 میں مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔

بین الاقوامی سطح پر ایل پی جی کی قیمت میں 79 ڈالر فی میٹرک ٹن اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ایل پی جی کی قیمت 457 ڈالر سے 536 ڈالر فی ٹن پر پہنچ گئی ہے۔ 

چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ لیوی سمیت تمام ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے ورنہ 15 جنوری سے خیبر تا کراچی گیس کی سپلائی بند کر دیں گے۔

دوسری جانب حکومت نے یکم جنوری 2021 سے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی تیاری کرلی، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوادی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل بھی مہنگا کیا جاسکتا ہے۔ 

مزیدخبریں