نیو ایئر نائٹ :وزیر اعلیٰ نے پولیس کو خصوصی ہدایت کردی

31 Dec, 2020 | 01:08 PM

Azhar Thiraj

قیصر کھوکھر : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنےسال نوء کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کر دی،کہتے ہیں ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کرنیوالوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔

کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کاکہنا ہے کہ سال نوء کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی اقدامات ہونے چاہئیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پولیس امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے، صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائےاورون وی لنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصرکیخلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے،امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس جانفشانی اور تندہی سے فرائض سرانجام دے۔

 یاد رہے نیو ایئر نائٹ پرلاہور پولیس نے سکیورٹی پلان  جاری کردیا، سکیورٹی انتہائی سخت ہوگی، ہوائی فائرنگ،ہلڑ بازی کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز  اشفاق  خان کا کہنا ہے کہ شہریوں کا احترام مقدم ہے، ون ویلنگ اور قانون شکن عناصر حوالات کی ہوا کھائیں گے۔ 06ہزار سے زائد پولیس افسران، جوان، پیرو، ڈولفن، ایلیٹ ٹیمیں تعینات ہوں گی۔


  ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ 06 ایس پیز،35 ڈی ایس پیز،83ایس ایچ اوز سپر ویژن کریں گے جبکہ 424 اَپر سب آرڈینیٹس سمیت 06 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے،  حساس اور اہم مقامات پر ڈولفن سکواڈ اور پیرو ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی الرٹ رہے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز  اشفاق  خان نے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے مشتبہ افراد اور سرگرمیوں کی اطلاع فوراََ پولیس کو دیں۔

مزیدخبریں