عیشہ خان: صوبائی دارالحکومت میں2017 میں چوروں نے4102 افراد کو موٹرسائیکلوں سے محروم کر دیا۔ پولیس کے مطابق رواں برس 17کروڑ مالیت کی موٹرسائیکلیں چوری اور چھینی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق2017 موٹرسائیکل سواروں پر بھاری ثابت ہوا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق 4102 شہریوں کو موٹرسائیکلوں سے محروم کیا گیا۔
صدر ڈویژن رواں برس چوروں اور ڈاکووں کی توجہ کا مرکز رہا۔ جہاں سے 901 موٹرسائیکلیں چوری ہوئیں ۔ جبکہ 70 گن پوائنٹ پر چھین لی گئیں۔ سٹی ڈویژن دوسرے نمبر پر لوٹ مار کا ٹارگٹ رہا۔ جہاں پر895 موٹرسائیکلیں چوری ہوئیں اور 77موٹرسائیکلیں چھینی گئیں۔
جبکہ کینٹ ڈویژن 673 موٹرسائیکوں کی چوری کے باعث تیسرے ،ماڈل ٹاؤن 617 کے ساتھ چوتھے،481 کے ساتھ اقبال ٹاون پانچویں اور 388وارداتوں کے ساتھ سول لائن چھٹے نمبر پر رہا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں ایک دن میں 11موٹرسائیکلیں چوری اور دوران ڈکیتی شہریوں سے چھینی جاتی ہیں۔ جبکہ دوسری جانب سینکڑوں موٹر سائیکل چوری کا پولیس نے مقدمہ ہی درج نہیں کیا جسکی وجہ سے وہ پولیس ریکارڈ کا حصہ نہیں بن سکیں۔