ویب ڈیسک: یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے ایئر فورس کے چیف کمانڈر میکولا اولیشک کو برخاست کردیا ہے اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل اناطولی کروونوز کو قائم مقام کمانڈر مقرر کیا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق یوکرین کو دیا گیا امریکی ایف سولہ طیارہ غلطی سے یوکرین ہی کے پیٹریاٹ اینٹی کرافٹ میزائل نظام کا نشانہ بن گیا تھا، گزشتہ روز یوکرینی فوج نے طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ حادثے میں ایف 16 طیارے کا پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا ہے۔
یوکرینی فوج کا کہنا تھا کہ روسی حملے کو ناکام بنانے کے دوران ایف 16 طیارے سے رابطہ منقطع ہوا، ایف 16 طیارے نے روس کے 4 کروز میزائل مار گرائے تھے اور دشمن کے اگلے ہدف کی طرف بڑھ رہا تھا جب رابطہ منقطع ہوا۔
یاد رہے کہ یوکرین کو حال ہی میں امریکا سے 6 ایف 16 طیارے ملے تھے، یوکرینی صدر زیلنسکی نے 4 اگست کو ایف 16 طیارے یوکرینی پائلٹوں کے زیر استعمال ہونے کا اعلان کیا تھا۔