قیمت میں اضافہ سے پہلے پٹرول پمپ بند، بلیک میں فروخت 

31 Aug, 2023 | 08:38 PM

سٹی42: مختلف شہروں میں پٹرول کی قیمت بڑھنے کی قیاس آرائیوں کے بعد پٹرول پمپوں  پر پٹرول غائب ہو گیا، جن پٹرول پمپوں پر پٹرول دستیاب ہے وہاں صارفین کا ہجوم جمع ہے۔

لاہور 
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اک مرتبہ پھر سے اضافہ سے کئی گھنٹے پہلے ہی مالکان پیٹرول پمپ بند کر کے بیٹھ گئے۔
قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر پیٹرول پمپ مالکان نے پٹرول فروخت کرنا بند کردیا۔
ٹاون شپ، کالج روڈ، مصری شاہ کے متعدد پمپ بند، پیٹرول نہ ملنے پر شہری خوار ہونے لگے۔
جوہرٹاؤن،مصری شاہ، وحدت روڈ،اچھرہ، ٹاؤن شپ کے پٹرول پمپ بند ہو گئے۔ پٹرول پمپ مالکان نے سپلائی روک دی،شہریوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہری احتجاج کر رہے ہیں کہ قیمتیں بڑھنے سے پہلے پٹرول کی فروخت بندکرناغیرقانونی ہے،
 
واپڈا ٹاون، ماڈل ٹاون لنک روڈ اور  متعدد دوسرے علاقوں میں جو پٹرول پمپ کھلے ہیں وہاں شہریوں کا بے پناہ ہجوم جمع ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شہری پھٹ پڑے۔

فیصل آباد میں  پیڑول نایاب

فیصل آباد میں  پیڑول مہنگا ہونے سے پہلے ہی نایاب ہو گیا۔  پیڑول پمپ مالکان نے نئی قیمت کے اطلاق  سے پہلے پیڑول پمپس کو بند کر دیا ۔  شہر کے مختلف پیڑول پمپ مالکان نے خود ساختہ طور پر پیڑول پمپس بند کر دیئے۔

شہری خوار ہونے لگے، اپنی گاڑیوں کو استعمال کے قابل رکھنے کے لئے ایک پیڑول پمپ سے دوسرے پیڑول پمپ پر جانے پر مجبور  ہو گئے،

شہریوں کا کہنا ہے کہ  پہلے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہے۔ اب پیڑول کا مزید مہنگا ہونا عوام کی زندگیوں کے ساتھ مذاق ہے۔

ایک شہری نے کہا کہ بجلی ، گیس،  اشیا خوردونوش مہنگی ہونے بعد ایک اور بم گر گیا ہے۔

ایک شہری کا کہنا تھا کہ مزدوری ملتی نہیں اور مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے۔

 کبیروالا میں پٹرول غائب
 پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ممکنہ اضافہ  کے پیش نظر  کبیر والا میں پٹرول پمپ مالکان نے   شہر اور گردو نواح کے پمپس پر فروخت بند  کر دی۔ ضرورت مند شہریوں کو پٹرول کی تلاش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔  ضلعی انتظامیہ شہریوں کو ریلیف دینے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

دنیاپور میں پٹرول کی بلیک میں فروخت
دنیاپور شہر میں بھی پٹرولیم مصنوعات قیمت اضافے کی افواہ پھیلنے کے بعد تمام پٹرول پمپوں نے پٹرول اور ڈیزل کی فروخت بند کر دی۔

دنیاپور شہر میں ایک پٹرول پمپ پر 1000 روپے فی لٹر تک بلیک میں  فروخت کیا جارہا ہے۔

مقامی انتظامیہ کی جانب کوئی کاروائی نہیں کی جارہی۔  پیٹرولیم مصنوعات نا ملنے کی وجہ سے لوگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مزیدخبریں