مانیٹرنگ ڈیسک: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کے 13 بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے۔
ایف بی آرحکام کا کہنا ہے کہ 8 ارب روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی عدم ادائیگی پر کارروائی کرتے ہوئے پی آئی اے کے 13 بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ، پی آئی اے کا آیاٹا سے منسلک بینک اکاؤنٹ بھی منجمد ہو گا۔
حکام ایف بی آر کے مطابق ایف ای ڈی جمع نہ کرانے پر پی آئی اے حکام کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ بھی کیا ہے، پچھلے ماہ بھی اکاؤنٹس کھولنے کے باوجود رقم جمع نہیں کرائی گئی۔
ترجمان پی آئی اے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اکاؤنٹ منجمد ہونے سے پی آئی اےکا فلائٹ آپریشن متاثر نہیں ہو گا، حکومتی سطح پر رابطہ ہے، پی آئی اے کے اکاؤنٹس جلد بحال ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایف بی آر نے پی آئی اے کے تمام اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے تاہم بعد ازاں مذاکرات کے بعد قومی ائیر لائن کے تمام اکاؤنٹس بحال کر دیے گئے تھے۔