عمران خان کی عدالت میں پیشی، سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا

31 Aug, 2022 | 09:51 AM

ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان  کی آج بروز بدھ 31 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔

توہین عدالت کیس میں پیشی کے موقع پر اسلام آباد پولیس خصوصی سکیورٹی پلان کے فرائض سنبھالے گی۔ صرف ہائی کورٹ کا اجازت نامہ رکھنے والے افراد کو ہی احاطہ عدالت میں جانے کی اجازت ہوگی۔ اس موقع پر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور غیر متعلق افراد کے داخلے کو روکنے کیلئے عدالتی احاطے کے چاروں جانب خار دار تاريں لگا دی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق علاقے کے رہائشیوں کے لئے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ متعلقہ راستے استعمال کریں اور انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ 
ترجمان پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجازت نامہ رکھنے والے اسٹاف کو محدود نقل اور حمل کی اجازت ہوگی، جب کہ کسی بھی معلومات یا ایمرجنسی کے لئے ریسکیو 15 پر کال کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کے شوکاز نوٹس کے جواب میں خاتون جج زیبا چوہدری سے متعلق الفاظ واپس لینے کی پیشکش کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ حامد خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس پر اپنا جواب جمع کرایا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاتون جج کو دھمکانے پر توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 31 اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے خلاف خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل لارجر بینچ نے کی تھی۔

مزیدخبریں