ویب ڈیسک: پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے 227 کیسز سامنے آئے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس انفیکشن سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 15 ہزار 475 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں مثبت کیسز کی شرح 1.47 فی صد رہی۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق کووِڈ نائنٹین سے ہونے والے انفیکشن کے باعث ملک بھر کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج 115 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، جنھیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک 15 لاکھ 69 ہزار 198 کرونا کیسز سامنے آ چکے ہیں، جب کہ مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 575 ہو چکی ہے۔