( حسن علی ) یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن آف پاکستان کے عوام کو ریلیف دینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، مختلف اشیا کی قیمتوں میں 2 روپے سے 30 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوکر رہ گیا ہے۔ سرف، کیچپ، صابن، درجہ دوم کا کوکنگ آئل اور نوڈلز 2 روپے سے 15 روپے تک مہنگے کردئیے گئے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف برانڈ کے سرف کی قیمت میں 5 روپے، درجہ دوم کےکوکنگ آئل کی 3 لیٹر کی بوتل کی قیمت میں 30 روپے، برتن دھونے والے صابن 2 روپے سے 6 روپے تک مہنگے ہوگئے۔
یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف کمپنیوں کے کیچپ 15 روپے، نوڈلز 2 روپے اور شیمپو کی قیمت میں 15 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا جبکہ مختلف کمپنیوں کے صابن 2 روپے تک مہنگے ہوگئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ قلت کا بھی سامنا ہے، جسکے باعث ان سٹورز کی افادیت ختم ہو رہی ہے۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کم از کم یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ عوام کو سستے داموں اشیا مل سکیں۔