پولیو ویکسین کے ضیاع پر سیکرٹری ہیلتھ کا نوٹس

31 Aug, 2020 | 10:02 PM

Arslan Sheikh

( زاہد چوہدری ) پولیو مہم کے خاتمہ کے بعد ویکسین کا ضیاع، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے انکوائری کا حکم دیدیا۔

حالیہ پولیو مہم کے خاتمے کے بعد پولیو ویکسین کی 95 وائلز واپس جمع نہ ہونے پر سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے نوٹس لے لیا۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے منڈی بہاؤالدین انتظامیہ سے 3 دن میں وضاحت طلب کر لی ہے۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے ڈی ایچ او پریوینٹو سروسز، ڈی ڈی ایچ اوز ہیلتھ منڈی بہاؤالدین، پھالیہ اور ملکوال سے پولیو ویکسین جمع نہ کروانے کی تین دن میں وضاحت طلب کی ہے۔

 سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ذمہ داران کا تعین کرکے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے لاہور سمیت تمام اضلاع سے بھی مہم کے دوران استعمال ہونے اور بچ جانے والے پولیو ویکسین کے سٹاک کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

یاد رہے محکمہ صحت نے کورونا لاک ڈاؤن کے بعد 15 اگست سے انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا تھا،مہم کے تحت 41 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی جنہیں ایک کروڑ 70 لاکھ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ رواں برس اب تک پنجاب میں پولیو کے 5 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ملک میں پولیو کے 64 کیسز سامنے آچکے ہیں۔  

مزیدخبریں