سٹی 42: پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں منفرد اعزاز اپنے نام کر لیااور وہ 2000 رنز اور 50 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
39 سالہ محمد حفیظ اتوار کو 93 ویں مرتبہ پاکستانی کٹ پہنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے میدان میں اترے تو اننگز کے دوران ثاقب محمود کو چھکا لگاکر اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کے 2000 رنز مکمل کرلیے۔وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دوسرے پاکستانی اور مجموعی طور پر 9 ویں بیٹسمین ہیں۔ان سے قبل پاکستان کے شعیب ملک بھی 2000 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بناچکے ہیں لیکن محمد حفیظ نے دو ہزار رنز مکمل کرتے ہی منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔
محمد حفیظ بطور آل راؤنڈر مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 50 وکٹیں اور 2000 رنز مکمل کرنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ویمنز کرکٹ میں تین کھلاڑی ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر، ڈیئنڈرا ڈوٹن اور نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن بھی یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں۔
یاد رہے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے ۔
میزبان ٹیم نے 196 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر ایک اوور قبل 199 رنز بنا کر پورا کرلیا۔پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز مستحکم رہا اور اوپنرز نے 72 رنز کا پراعتماد شراکت قائم کی، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو 36 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
112 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم بھی آؤٹ ہوگئے اور انہوں نے 44 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے جو 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر محمد حفیظ نے اپنی جارحانہ اننگز جاری رکھی اور 26 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سینچری مکمل کی، حفیظ آخری اوور میں 36 گیندوں پر 69 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹوم کورن کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 2 اور کرس جورڈن اور ٹوم کورون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔