(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا کے وار مزید کمزور ہونےلگے، 18 ہزار سے زائد ٹیسٹ میں 213 کورونا کے مریض نکلے، ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 873 رہ گئی۔
نیشنل کمانڈ آینڈ آپریشن سنٹر کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ایک دن میں مزید 213 افراد کورنا وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 849 تک پہنچ گئی، سندھ ایک لاکھ 29 ہزار 348 کورنا مریضوں کیساتھ سرفہرست ہے، پنجاب میں 96 ہزار 769، خیبرپختونخواہ میں 36 ہزار 44، اسلام آبادمیں 15 ہزار 625، بلوچستان میں 12 ہزار 869، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 896 اور آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 2 ہزار 298 ہو گئی۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 6 چراغ گل ہونے سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 294 تک پہنچ گئی، ایکٹو کیسز 8 ہزار 873 رہ گئے، ایک ہزار 88 مریض ملک کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جبکہ 2 لاکھ 80 ہزار 682 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی شدت کم ہورہی ہے تاہم فی الحال شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو جاری رکھنا ہوگا تاکہ وبا مکمل طور پر ختم ہوسکے،شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی وبا کے ’نئے فیز‘ کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب متاثرہونے والے وہ افراد ہیں جن میں سے کورونا وبا کی بہت کم یا کوئی بھی علامات موجود نہیں ہوتیں جب کہ یہ افراد ادھیڑعمر اورکم مدافعت رکھنے والے لوگوں کو زیادہ متاثر کریں گے، وبا کی نوعیت اب تبدیل ہورہی ہے، وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہمیں اپنی کوششوں کو مزید بڑھانا ہوگا۔