( زین مدنی ) لاہور آرٹس کونسل کے اشتراک سے الحمرا آرٹ سینٹر میں اولوموپولو میڈیا کے زیراہتمام انگلش سٹیج ڈراما ” دی ادر سائیڈ“ پیش کیا گیا، ڈرامے میں انسانوں میں چھپے شیطان کو نمایاں کرنے کی کوشش کی گئی اور نوجوان فنکاروں کی پرفارمنس پر شائقین نے انہیں بھرپور داد دی۔
اولوموپولو میڈیا کے زیر اہتمام الحمرا میں تین روزہ انگلش سٹیج ڈرامے دی ادر سائیڈ کو شائقین دیکھنے کے لئے کثیر تعداد میں شریک ہوئے اور ڈراما کو بے پناہ پسند کیا۔ ڈرامے میں مغربی انداز کو نمایاں کیا گیا اور دکھایا گیا کہ انسانوں میں شیطان بستے ہیں جو انسانوں کو ہی مارتے ہیں۔ ڈرامے میں سنجیدہ صورتحال کے ساتھ ساتھ ڈانس پرفارمنسز بھی شامل تھیں جنہیں بھی شائقین نے بے حد پذیرائی دی۔
ڈرامے کی پرڈیوسر بشریٰ سلطان اور ڈائریکٹر ابراہیم رانا کا کہنا تھا کہ تھیٹر کی بحالی کے لئے ایسے ڈرامے ضروری ہیں جن میں اصلاح کا پہلو بھی ہو۔ ڈرامے کا سیٹ کاسٹیوم اور فنکاروں کی پرفارمنس بلاشبہ کمال کی تھی اور یہی وجہ ہے کہ نوجوان نسل معیاری کام پر یقین رکھ کر تھیٹر کی بحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔