(سٹی 42) وزیراعظم عمران خان نے توہین آمیز خاکوں کے خلاف ویڈیو پیغام جاری کر دیا، کہتے ہیں کہ ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کے ذریعے نبی پاکﷺ کی توہین کی گئی ہے، یہ کسی ایک مسلمان یا چند مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ نبی پاک ﷺ ہر مسلمان کے دل میں رہتے ہیں، نبی پاکﷺ کی شان میں کوئی بھی گستاخی کرے اس سے سب مسلمانوں کو تکلیف ہوتی ہے، مغرب کے لوگوں کو اس بات کی سمجھ نہیں ہے۔ مغرب میں جس طرح وہ اپنےدین کو دیکھتے ہیں وہ بالکل مختلف ہے، ہم جس طرح اپنے دین کی طرف دیکھتے ہیں وہ مختلف ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں کو او آئی سی کے پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر بتانا ہوگا کہ اس طرح کے اقدامات سے ہمیں کتنی تکلیف پہنچتی ہے، سارے مسلمان ملک ایک پیج پر آکر بات کریں گے تو یہ سلسلہ رُکے گا۔ انشاء اللہ اس معاملے پر مؤثر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔