ویب ڈیسک : پاکستان کے تین بڑے شہر ڈینگی کی لپیٹ میں آگئے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کیسز کی بڑی تعداد سامنے آئی ہے ۔
اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ سامنے آرہا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 76 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعدادایک ہزار 189 ہو گئی ۔ اسلام آباد میں ڈینگی سے 69 فیصد مرد جبکہ 31 فیصد خواتین متاثر ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی نے 42 افراد کو متاثر کیا، جس کے بعد دیہی علاقوں میں ڈینگی متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 711 ہو گئی، اسکے علاوہ شہری علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34 افراد کو ڈینگی نے نشانہ بنایا، شہری علاقوں میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 478 ہو گئی ۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پمز ہسپتال میں 3 ڈینگی کے مریض لائے گئے ۔
راولپنڈی میں ڈینگی
راولپنڈی میں ڈینگی مچھر کے وار جاری ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال میں 63 سالہ متین بی بی زندگی کی بازی ہار گئی ، خاتون کا تعلق ڈینگی آؤٹ بریک علاقہ چک جلال سے ہے۔
اسپتال ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اب تک ڈینگی سے جان بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی۔
شہر قائد میں ڈینگی
شہر قائد میں ڈینگی کے وار جاری ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر بھر میں ڈینگی کے 12 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ضلع شرقی میں 4 ، کورنگی میں ایک کیس رپورٹ ہوا، جبکہ ضلع جنوب میں 4، غربی میں ایک، اور ملیر میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا ہے کہ کراچی میں ستمبر میں 297 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ سال 2024 میں کراچی میں مجموعی طور پر 1373 کیسز رپورٹ ہوئے ۔