لاہور کی مصروف سڑک پر بہت بڑا گڑھا پر گیا، موٹرسائیکلیں، کار اندر جا گریں

30 Sep, 2024 | 08:09 PM

سٹی42: لاہور کی ایک مصروف سڑک پر سڑک اچانک بیٹھ گئی اور بہت بڑا گڑھا بن گیا، اچانک سڑک کے بیچوں بیچ گڑھا بن جانے سے ایک کار اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار شہری گڑھے کے اندر جا گرے۔
جوہر ٹاون،محمود یوٹرن سے  شوکت خانم مین روڈ کی طرف جانے والی سڑک کے درمیان میں اچانک بہت بڑا  گڑھا بن گیا، اس گڑھے میں دو موٹر سائیکلیں اور ایک کار گر گئی۔

مصروف سڑک پر اچانک پندرہ فٹ  قطر اور تقریباً اتنی ہی گہرائی کا گڑھا نمودار ہو جانے سے سڑک پر افراتفری پھیل گئی، بہت سے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گڑھے کے ارد گرد کھڑے ہو کر اطراف سے آنے والی ٹریفک کو روکنا شروع کیا۔ شہریوں نے ایک سیڑھی حاصل کر کے گڑھے میں گرے ہوئے موٹر سائیل سواروں اور کار میں موجود افراد کو باہر نکالنے کی کوششیں کیں۔ اس دوران ٹریفک پولیس اور ریسکیو1122 کے اہلکار کہیں دکھائی نہیں دیئے۔ 

بعد میں  ٹریفک پولیس نے  مصروف  سڑک پر ٹریفک کا بہاؤ روکنے کے لئے  سی ٹی او لاہور ک عمارہ اطہر کے حکم پر مین بلیوارڈ جوہرٹاؤن سے ڈائیورشن لگا کر ٹریفک کو دوسری سڑکوں پر بھیجنا شروع کر دیا۔ 
مین بلیوارڈ ڈائیورشن کے باعث ٹریفک کا لوڈ بڑھ گیا۔ ان سڑکوں پر ٹریفک ریسپانس یونٹ کو بھی  تعینات کر دیا گیا۔

سڑک پر گڑھا پڑ جانے سے متعلقہ محکموں کو مطلع کردیا گیا ہے تاہم دیر تک کسی متعلقہ ادارہ نے اپنے کارکنوں کو اس گڑھے کو دیکھنے کے لئے نہیں بھیجا تھا۔

چندروز پہلے بھی دو دن کے دوران لاہور کی دو بڑی سکڑوں پر زمین بیٹھ جانے کے نتیجہ میں بڑے سائز کے گڑھے پڑ گئے تھے۔ اس وقت بھی ایک گڑھے میں منی لوڈر ٹرک گرنے کی اطلاعات آئی تھیں۔ 

مزیدخبریں