ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جہاں جہاں ہمیں حکم ملے گا جلسہ کریں گے، یہ گولیاں، تشدد ہمارا وقت ضائع کرسکتا ہے لیکن مقصد تبدیل نہیں کرسکتا۔
پشاور ہائیکورٹ میں علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2017 کے پولیس ایکٹ پر کام کررہے ہیں، کوئی بھی اپنی طاقت کو بے جا استعمال نہیں کرسکتا۔ نگراں حکومت میں پولیس سے وہ کام کرائے گئے جو وہ نہیں کرنا چاہتے تھے، غیر جمہوری طریقے سے آئے ہوئے لوگوں نے آئین کو تباہ کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جہاں جہاں ہمیں حکم ملے گا جلسہ کریں گے، یہ گولیاں، تشدد ہمارا وقت ضائع کرسکتا ہے لیکن مقصد تبدیل نہیں کرسکتا، میں وزیراعلیٰ ہوں اپنے وسائل استعمال کروں گا۔ پنجاب پولیس کو وراننگ دے رہا ہوں وہ کسی کا غلط حکم نہ مانیں، نتائج آپ نے خود بھگتنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری کہتی ہے میں خبیر پختونخوا میں جلسہ کروں، میں کیوں یہاں جلسہ کروں، پورے پاکستان میں جلسہ کروں گا، بلاول، مولانا فضل الرحمان اور دیگر جلسے کررہے ہیں انہیں کوئی روکنے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے خود بولا کہ مجھے کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرو، مولانا آپ مان گئے امریکا کے کہنے پر آپ نے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی ہے۔