ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر ایک بچے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ بھرپور اعتماد کے ساتھ پولیس سے شکایت کرتے ہوئے مطالبہ کر رہا ہے کہ مرغی چور کو پکڑو۔
وائرل ویڈیو میں سکول یونیفارم پہنے ایک بچہ پنجابی زبان میں مرغی چوری ہونے کی شکایت کر رہا ہے اور پولیس اہلکار پر زور دے رہا ہے کہ وہ ملزم کے خلاف کارروائی کرے۔
پولیس اہلکار کی جانب سے بچے کو کہا گیا کہ اگر کارروائی کرنی ہے تو پرچہ کٹوانا پڑے گا جس پر بچہ بے ساختہ پوچھتا ہے کہ پرچہ کٹوانے کے کتنے پیسے لگیں گے؟ جس پر پولیس اہلکار اسے بتاتا ہےکہ پرچہ کٹوانے کے لیے کوئی رقم خرچ نہیں کرنی پڑتی۔
اس دوران بچہ پولیس اہلکار کو بتاتا ہے کہ اس سے قبل یہاں ایک دوسرا پولیس افسر تھا جو اس کا دوست تھا، اور بچے نے اس سے چوزے چوری ہونے کی شکایت کی تھی جس پر افسر نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو پکڑ لیا تھا۔
بچے نے پولیس اہلکار کو کہا کہ جب وہ اس کی طرف پانی بھرنے آئے گا تو وہ ملزم کی نشاندہی کردے گا, سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بچے کے اعتماد اور معصومیت کی خوب تعریف کی جارہی ہے اور صارفین پنجاب پولیس سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ بچے کی مرغی بازیاب کرائی جائے۔