(سٹی42) پاکستان کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان کے رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان کا شمار پاکستان کے ساتھ بالی ووڈ کی بھی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے ، ماہرہ نے بہت کم عرصے میں بھارتی فلم انڈسٹری میں وہ مقام حاصل کیا جسے حاصل کرنے کے لئے اداکاراؤں کو برسوں لگ جاتے ہیں، ماہرہ خان کے مداح نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھرمیں موجود ہیں.
ماہرہ خان کی ایک مزاحیہ انداز میں رونے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، اداکار عثمان مختار کی جانب سےانسٹاگرام پر ماہرہ خان اور میک اپ آرٹسٹ بابر ظہیر کیساتھ ہم کہاں کے سچے تھے کے سیٹ پر بنائی گئی ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کی گئی ہے ، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ عثمان مختار کیمرہ ماہرہ خان کی طرف کرنے سے پہلے کہتے ہیں کہ ماہرہ خان کیسے روتی ہیں؟ جس کے بعد مزاحیہ انداز میں روتے ہوئے ماہرہ خان کیمرے کے سامنے آجاتی ہیں،پھر کہتے ہیں پہلے بابر بتائیں جس کے بعدمیک اپ آرٹسٹ بابر ظہیر ماہرہ خان کے رونے کی نقل اتارتے ہیں۔ ویڈیو میں عثمان مختار کو ہنستے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے۔
واضح رہےکہ پاکستانی ڈرامہ ہم کہاں کے سچے تھے میں ماہرہ خان اور عثمان مختاراداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں، ماہرہ خان ڈرامے میں کبریٰ خان(مشال) کی پھوپھی زاد بہن کا کردار ادا کررہی ہیں جبکہ عثمان مختار اسود نامی لڑکے کا کردار ادا کررہے ہیں۔