جیل روڈ (زاہد چودھری) محکمہ صحت لمبی تان کر سو گیا، تاریخ میں پہلی بار شہر کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ایم ایس کی آسامیاں خالی ہیں۔
میو ہسپتال، گنگا رام ہسپتال، سروسز ہسپتال، پی آئی سی، جنرل ہسپتال، جناح ہسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدے خالی پڑے ہیں، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز ،گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ، میاں منشی ہسپتال، سید مٹھا ہسپتال، یکی گیٹ ہسپتال، کوٹ خواجہ سعید ہسپتال اور مزنگ ہسپتال میں بھی مستقل ایم ایس تعینات نہیں ہیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں پر مستقل تعیناتی نہ ہونے سے ہسپتالوں کی کارکردگی اور علاج معالجہ بھی متاثر ہو رہا ہے، ہسپتالوں کو شدید انتظامی بحران کا سامنا ہے، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا عہدہ خالی ہونے سے ہسپتال ایڈہاک ازم کا شکار ہیں۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے ایک سال قبل ٹیچنگ ہسپتالوں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی مستقل تعیناتی کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی تھیں تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے، بڑے ہسپتالوں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں پر مستقل تعیناتی نہ ہونے سے علاج معالجہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔