(قیصرکھوکھر)موجودہ آئی جی انعام غنی نےماضی میں پنجاب سے نکالے گئے پولیس افسران کی خدمات دوبارہ مانگ لیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پولیس انعام غنی نے ان پولیس افسران کی خدمات دوبارہ مانگ لی ہیں جنہیں ماضی قریب میں مختلف شکایات پر پنجاب سے نکال دیا گیاتھا۔ ڈی آئی جی منیر مسعود کو سابق آئی جی نے پنجاب سے نکال دیا تھا۔ اسی طرح ڈی آئی جی آغا محمد یوسف کو بھی مختلف شکایت پر پنجاب سے نکال دیا گیا تھا۔ایس ایس پی ساجد حسین کو بھی پنجاب سے سرنڈر کیا گیا تھا۔ تینوں مذکورہ افسران کی خدمات موجودہ آئی جی پولیس انعام غنی نے دوبارہ مانگ لی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب مذکورہ افسران کو پنجاب میں اہم عہدوں پر تعینات کرنے کی پلاننگ کر چکے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں ایڈیشنل آئی جی رینک کے پولیس افسران کی قلت کا معاملہ حل نہ ہوسکا، پنجاب میں چھ ایڈیشنل آئی جی کوٹے سے کم ہیں، افسران کی قلت سے انتظامی امور متاثر ہونے لگے۔ افسران کی کمی پوری کرنے کیلئے سینئر ڈی آئی جیز کو ایڈیشنل آئی جی کی سیٹ پر تعینات کرنے کی تجویززیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی جواد احمد ڈوگر ، ڈی آئی جی غلام محمود ڈوگر م ڈی آئی جی ڈاکٹر مسعود سلیم، ڈی آئی جی مقصود الحسن کو ایڈیشنل آئی جی کی سیٹ پر تعینات کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی کو ایڈیشنل آئی جی کی سیٹ پر تعیناتی سے خالی آسامیاں پر کی جائیں گی جس سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔