سٹی 42: سسرال سے گھر آنیوالی خاتون کو ڈاکوئوں نے نقلی پستول دکھا کر لوٹ لیا۔
جوہر ٹاؤن میں ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو نے نقلی پستول دکھا کر خاتون سے پرس چھین لیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون گلی سے گزر رہی ہے، سامنے سے ایک موٹرسائیکل سوار ڈاکو آتا ہے اور نقلی پستول دکھا کر خاتون سے بیگ چھین کر فرار ہو جاتا ہے۔ ڈاکو نے جاتے ہوئے نقلی پستول بھی سڑک پر پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق درخواست مل گئی ہے، تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔خاتون سسرال سے گھر پہنچی تھی ،دروازے پر ہی لوٹ لیا گیا۔
واضح رہے کہ رواں سال کے پہلے ماہ جرائم پیشہ افراد کی تین سو سے زائد ریکارڈ وارداتیں، ماہ جنوری میں 28 افراد قتل اور چار افراد ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بنے جبکہ پولیس کی کارکردگی مایوس کن رہی۔لاہور کے باسیوں کے لئے سال دوہزار بیس کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا۔رواں سال کے پہلے ایک ماہ میں جرائم پیشہ افراد نے شہریوں کے جان و مال پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ چوری اور ڈکیتی کی سب سے زیادہ وارداتیں صدر ڈویژن میں رپورٹ ہوئیں۔ شہریوں سے نہ صرف راہ چلتے بلکہ دن دیہاڑے گھروں اور جہاں ڈاکوؤں کا دل چاہا لوٹ مار کی گئی۔