(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ اپوزیشن نے حکومت مخالف تحریک کو آگے بڑھانے کیلئے پی ڈی ایم کی اسٹیڈنگ کمیٹی تشکیل دینے اور گیارہ اکتوبر کو کوئٹہ میں پہلے جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ماہ کمیٹی کے کنوینئر احسن اقبال ہوں گے، ہر جماعت سے دو دو ارکان بطور ممبر لیے جائیں گے، تنظیمی ڈھانچہ پارٹی قائدین کو بھیجا جائے گا، تحریک کو رواں ہفتے مکمل کرکے عوام کو بتا دیا جائے گا۔
متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بڑے جلسے اور دیگر شہروں میں بھی جلسے ہوں گے، گیارہ اکتوبر کو کوئٹہ میں تاریخی جلسہ ہوگا اور غیر جمہوری عمل سے ملک کو نجات دلائیں گے، اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے جمہوری ادارے کمزور ہوں گے اور عوام کے غم و غصہ میں اضافہ ہوگا، حکومتی وزراء کی پریس کانفرنسوں سے نیب کی غیر جانبداری کمپرومائز ہوگئی ہے، سلیکٹڈ حکومت شوپیس ہے اس کے پیچھے قوتوں سے کہتے ہیں ان کی پشت پناہی چھوڑ دیں ،عمرانی ٹولے سے ہونے والی جنگ ہم جیتیں گے۔
منگل کو اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف احسن اقبال اور مولانا عبدالغفور حیدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس کی شدید مذمت کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کی سکڑتی ہوئی سپیس کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
سابق وز یراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ملک میں بے روزگاری اور تاریخی کرپشن کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ عوامی مسائل پر بحث کی گئی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جس طرح آگے بڑھی اس ملک میں بحالی جمہوریت کے لیے تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم سمجھتی ہے کہ عوام مشکل کا شکار ہیں، مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت نے عوام کی کمر توڑ دی ہے انہوںنے کہاکہ پہلے مہینے کی کنوینئر شپ (ن ) لیگ کے پاس ہے اور احسن اقبال اس کمیٹی کے کنوینر ہونگے ،ہر جماعت سے دو دو ارکان بطور ممبر لئے جائیں گے