( راؤ دلشاد ) نااہلی، عدم تعاون اور ناقص کارکردگی پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے دو افسران کوعہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ، کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر آصف بلال لودھی نے زونل آفیسر انفراسٹرکچر مظہر حسین اور زونل آفیسر ریگولیشن سدرہ ظفرکے خلاف انضباطی کارروائی کے لیے سیکرٹری بلدیات کو مراسلہ جاری کردیا۔
زونل آفیسر انفراسٹرکچر علامہ اقبال زون مظہر حسین عاجز اور زونل آفیسر ریگولیشن سدرہ ظفر خان کو نااہلی و عدم تعاون کی بنا پر عہدوں سے ہٹانے اور پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی۔ گریڈ 18کے مظہر حسین نے محرم الحرام کے دوران طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا اور مظہر حسین نے رائیونڈ سٹی میں 250 کھلے مین ہولزکور کی تنصیب میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر عدنان بدر نے متعدد بار سیوریج ایشوز کے بارے میں لکھا مگر انفراسٹرکچر آفیسر مظہر حسین نے جواب دینا تک گوارا نہیں کیا۔
دوسری جانب گریڈ 17 کی سدرہ ظفر خان کو ڈی سی آفس کو اختیارات سے تجاوز کرنے کی شکایات موصول ہوئیں تو انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر سدرہ ظفر کو کام کرنے سے روک دیا گیا جبکہ مزید خدمات نہ لینے اور پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے سیکرٹری بلدیات کو مراسلہ بھی جاری کردیا گیا۔