سٹی42: وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ اداروں میں ریفارمز کی ضرورت ہے، ہم بیوروکریسی میں ریفارمز لائیں گے اور بلوچستان کے ریونیو کو بڑھایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے گورنر ہاوس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور بلوچستان کی ترقی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلی بلوچستان نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان کے ریونیو کو بڑھایا جارہا ہے، ساڑھے سات ارب کے ٹیکس کو بارہ ارب تک لے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ امن و امان بالکل ٹھیک ہوگیا ہے لیکن بلوچستان میں امن و امان بہتر ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے بڑے مسائل ہیں، علاج کے لئے لوگوں کو کوئٹہ آنا پڑتا تھا، کئی ہسپتال ایسے ہیں جہاں کبھی چھوٹا آپریشن بھی نہیں ہوا تھا۔
اب صحت کے شعبے کو بہتر کیا جارہا ہے، ڈاکٹروں کو کنٹریکٹ پر رکھا جارہا ہے، کینسر یونٹ ہسپتال میں قائم کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت کی کافی اثراندازی ہے اسکی دشمنی پورے پاکستان سے ہے۔