( عمر اسلم ) مسلم لیگ ( ن) نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی رہائشگاہ 7 کلب کی تزئین و آرائش کے اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں، مسلم لیگ ( ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ اور عظمیٰ بخاری نے درخواست میں سیکرٹری ٹو سی ایم سے ریکارڈ طلب کیا۔
مسلم لیگ ( ن) نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی رہائشگاہ7 کلب کی تزئین و آرائش کے اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں جبکہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطااللہ تارڑ اور سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ( ن) پنجاب عظمی بخاری کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے پی ایس کو درخواست میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عمرے کے اخراجات کی تفصیل کے حوالے سے بھی معلومات مانگی گئی ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اخراجات تزئین و آرائش کے حوالے سے بتایا جائے، کیا یہ مخصوص بجٹ سے لیا گیا ہے یا کسی محکمے کے اخراجات استعمال ہوئے۔ عطااللہ تارڑ اور عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کےعمرے کے دوران رہائش، ہوائی سفر اور دیگر سہولیات کی مد میں کتنی رقم خرچ ہوئی اور یہ بھی بتایا جائے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ہمراہ جانے والے افراد کے اخراجات کس نے اٹھائے۔