(عمر اسلم) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 14 اکتوبر کو عوامی مینڈیٹ کو چوری نہیں ہونے دیں گے، ضمنی انتخابات میں لاہور کی عوام کا فیصلہ میاں نواز شریف ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹریٹ میں سینئر رہنما حمزہ شہبازشریف کی زیر صدارت این اے 124 کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں میٹنگ ہوئی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ حلقہ مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے۔ اس حلقہ سے شاہد خاقان عباسی کو محض کامیاب نہیں بلکہ واضح اکثریت سے کامیاب کرانا ہے۔
حمزہ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا لیکن 14 اکتوبر کو عوامی مینڈیٹ کو چوری نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کا فیصلہ آج بھی میاں نوازشریف ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ میاں نوازشریف نے ملکی ترقی کے لئے چندہ نہیں مانگا بلکہ عملی طور نہ صرف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا بلکہ عوامی مسائل کو حل کیا۔
اجلاس میں سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف، ڈپٹی میئر چودھری وسیم قادر سواتی خان سید توصیف شاہ، عامر خان سمیت دیگر لوگ بھی موجود تھے۔