ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اب کینسر کے کسی مریض کو علاج سے انکار نہیں سننا پڑے گا، مریم نے کینسر ہسپتال کی پہلی اینٹ رکھ دی

Maryam Naqaz, Canser Hospital in Lahore, city42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  اب کینسر کے کسی مریض کو علاج سے انکار نہیں سننا پڑے گا۔  پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پہلی اینٹ رکھ کر پاکستان کےسب سے بڑے کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

 اس ہسپتال کے بلیو پرنٹ کے مطابق یہاں آخری سٹیجز کے کینسر کے مریضوں کے بھی علاج کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ 

 وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے کینسر ہسپتال کی پہلی  فیز کی تکمیل کے لئے 12ماہ کا  دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے پہلا سرکاری بون میرو ٹرانسپلانٹ ہسپتال  بھی بنانے کا اعلان کیا۔

لاہور  میں نواز  شریف کینسر  اسپتال کا سنگ بنیاد  رکھنے کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اللہ کریم کا شکر   ہےکہ آج نواز شریف کی خواہش پوری ہونے جا رہی ہے، 920 بستروں پر مشتمل اسپتال میں کینسر کی ہر اسٹیج میں مبتلا مریض کا علاج ہوگا۔

مریم نواز نے کہا،  یہ اسپتال صرف پنجاب کے عوام کے لیے نہیں ملک بھر کے عوام کے لیے ہے۔ نواز شریف ، شہباز شریف اور میری اپنی ترجیح عوام کی خدمت ہے۔

ایسا پنجاب چھوڑ کر جاؤں گی جہاں ہر مرض کا علاج ہو

مریم نواز نے کہا، "خواہش ہے 5 سال میں ایسا پنجاب چھوڑ کر جاؤں جہاں ہر مرض کا علاج ممکن ہو." ، مریم نواز نے یہ بھی کہا، "  پنجاب نے اپنے دل کے دروازے سب صوبوں کے عوام کے لیے کھول رکھے ہیں۔"

مریم نے کینسر کے حوالے سے اپنا دکھ حاضرین کے ساتھ شئیر کرتے ہوئے کہا،  میری والدہ  مرحومہ  اسی مرض کے سبب جانبر نہ ہوسکیں، نواز  شریف کا حق بنتا ہےکہ یہ اسپتال ان کے نام پر ہو۔

مریضوں کیلئے ہاسپٹل، تیمارداروں کے لئے ہاسٹل

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہسپتال کے سامنے تیمارداروں کیلئے ہاسٹل بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی،  پنجاب میں بلڈ ڈیزیز، پیڈز، آرگن ٹرانسپلانٹ اور بون میرو کے سپیشلائزڈ ہسپتال بنانے اور بیرون ملک سے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو مراعات کے ساتھ پنجاب میں لانے کے پروگرام کا اعلانات بھی کیے۔

 انسٹی ٹیوٹ آف  کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں قائم ہونے والا 915 بیڈز کا کینسر ہسپتال دو مراحل میں مکمل ہوگا،کینسر انسٹی ٹیوٹ میں پیڈڑ انکالوجی،آپریشن تھیٹر،10-ریڈایشن تھراپی بنکر،آئی سی یو اور 30 بیڈز کا  ایمرجنسی وارڈ بنے گا،ویٹنگ ہال اور 24 بیڈز کے ساتھ تیمار داروں کے قیام گاہ بنے گی۔

 مریم نواز کیلئے خصوصی بریفنگ میں  بتایا گیا کہ مرکزی عمارت میں بون میرو سینٹر، کینسر کیئر کلینک، ڈاکٹر ریزیڈینسیز اور مسجد پہلے مرحلے میں تعمیر ہو گی، دوسرے مرحلے میں 300 بیڈزپر مشتمل نئی بلڈنگ اور پارکنگ پلازہ بھی بنے گا، پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں ریڈی ایشین تھراپی، کیمو تھراپی، اینڈوسکوپی اور دیگر سہولتیں میسر ہونگی۔

 کینسر ہسپتال کے سنگ بنیاد کے بعد صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا، خواجہ سلمان رفیق نے خصوصی معاونت پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔

اچھے ڈاکٹروں کو اچھی تنخواہ، گھر اور گاڑی ملے گی

 وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھے ڈاکٹرز کو پنجاب میں گھر، گاڑی اور اچھی تنخواہ دیں گے، عوام کی زندگی میں بہتری لانے والا ہر کام میری ترجیح ہے،4سال میں عام کی صحت کیلئے تمام ضروری اقدامات کر کے جائیں گے، ہر شہر میں کارڈیالوجی، نیورولوجی، پیڈز اور ڈائیلسیز سینٹرز بنانا چاہتی ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ کینسر کے کسی مریض کو علاج سے انکار نہیں کیا جائےگا، لاکھوں زندگیوں کے لیے امید کا دیا جلا رہے ہیں،پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں کے پی کے، سندھ اور دیگر صوبوں سے آنے والے مریضوں کا  مفت علاج ہوگا، پنجاب نے دوسرے صوبوں کیلئے اپنے دل کے دروازے کھول دیے ہیں، پنجاب نے دوسرے صوبوں سے آنے والوں کے لئے روزگار، وسائل اور ہسپتالوں کے دروازے بھی کھول دیے ہیں۔

  پنجاب کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے،میری پیاری والدہ کینسر میں مبتلا ہو کر اللہ تعالیٰ کے پاس چلی گئیں، بچھڑنے کا دکھ جانتی ہوں، کینسر کا علاج غریب اور متوسط کیا امیر آدمی کے بس کی بات بھی نہیں، جمع پونجی لٹ جاتی ہے، اگر عوام کینسر سے مر رہے ہوں تو حکومت نے پیسے کا کیا کرنا ہے۔

  انہوں نے کہا کہ فلاحی ریاست ماں کی مانند ہوتی ہے، ماں بچے کے علاج پر ہر سب لٹا دیتی ہے، پیسہ تو پچھلی حکومت کے پاس بھی تھا، انہوں نے کینسر ہسپتال بنانے کی تکلیف کیوں نہیں کی، میری، شہباز شریف اور   نواز شریف کی ترجیح عوام کی خدمت ہے، نواز شریف کے نام پر لوگ آنکھیں بند کر کے اعتبار کر لیتے ہیں اس لیے ان سے منسوب کیا ہے،7 ماہ میں تو منصوبے فائل سے نہیں نکلتے، شاہ میر اقبال کو شاباش دیتی ہوں۔

مریم نواز نے بتایا کہ جب انہیں پتہ چلا کہ ایک  نوزائیدہ بچے کو جنوبی پنجاب سے علاج کیلئے ائیر ایمبولینس پر لاہور لایا گیا ہے تو یہ  اطلاع ملنے پر خوشی سے آنکھیں نم ہو گئیں۔ مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں کینسر اور دیگر مریضوں کے لئے مفت ادویات بند کر دی گئیں۔ مریضوں کی دوا بند کر دینا نا مجرمانہ غفلت اور نااہلی کی انتہا ہے۔