ویب ڈیسک: لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کے معاملے پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا بیان سامنے آگیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے، حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پاکستان میں ایف آئی آر درج کر کے مزید کارروائی کی جائے گی، حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جنہوں نے حملہ کیا ان کی شہریت فوری منسوخ کرنے کی کارروائی ہوگی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لیے کابینہ کو بھیجا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو بھی ایسے حملے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر بھی حملہ ہوا، اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سیکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی۔