ویب ڈیسک: پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال کے بیٹے نے والد کے فیملی چھوڑ دینے کے بیان کے بعد والدہ کی جانب سے خلع لئے جانے کا انکشاف کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فردوس جمال کے بیٹے اور اداکار حمزہ فردوس نے بھی ایک ویڈیو بنا کر کہانی کا دوسرا رخ عوام کو دکھاتے ہوئے والدہ کی خلع کا انکشاف کیا،حمزہ فردوس نے کہا کہ ’میرے والد کی چند ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں اور باحیثیتِ بیٹا آپکی یہی کوشش ہوتی ہے کہ آپ کے گھر کی باتیں باہر نہ آئیں، جب آپ کو آپ کے ناکردہ گناہوں کی سزا مل رہی ہوتی ہے تو پھر آپ کو بات کرنی پڑتی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سب سے پہلے تو میں یہاں اپنی والدہ کی جانب سے یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کیونکہ وہ کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نہیں ہیں کہ وہ میرے والد سے خلع لے چکی ہیں‘۔
حمزہ فردوس نے کہا کہ ’جب والد کو کینسر ہوا تو وہ بہت تکلیف دہ عمل تھا، کینسر کا علاج پاکستان میں کروانا ایک مشکل کام ہے، ان کی دوائیوں کو خرچہ بیٹے نے اٹھایا، اگر کوئی یقین نہ کرے تو ریسیپٹس بھی دکھا سکتا ہوں، لیکن سوشل میڈیا پر ایسے بتایا جارہا ہے کہ جیسے ان کی بیماری میں ان کو چھوڑ دیا گیا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اور والدہ نے بہت کوشش کی کہ گھر کی بات باہر نہ آئے لیکن ایسا نہ ہوسکا، والد نے ساری زندگی اپنی شرائط پر گزاری ہیں، میرے چاچا کی جانب سے ہمیں مارنے کی دھمکیاں ملیں، ہمیں سڑک پر لانے کی کوشش کی گئی لیکن ہم کھڑے ہوئے ہیں۔
حمزہ فردوس نے کہا کہ ’میرے والد سے آپ یہ حلف اٹھوالیں کہ کیا میں نے انہیں یہ نہیں کہا کہ آپ کو کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے، میں بہت پردوں میں رہ کر بات کر رہا ہوں کیونکہ میری والدہ نے اس ویڈیو بنانے سے قبل بھی مجھے تاکید کی کہ بیٹا سوچ کر باتیں کرنا۔‘