(حافظ شہباز علی) سٹار اتھلیٹ ارشد ندیم آئندہ ماہ کے آغاز میں اپنی کہنی کے علاج کے لئے انگلینڈ جائیں گے۔
سٹار اتھلیٹ ارشد ندیم آئندہ ماہ کہنی کے علاج کے لیے انگلینڈ جائیں گے ،اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے ارشد ندیم کے علاج کے لئے انگلینڈ میں ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کرلی ہیں ۔معروف سپورٹس سرجن ڈاکٹر علی شیر باجوہ ارشد ندیم کی کہنی کی انجری کا مکمل چیک اپ کریں گے ، چیک اپ کے بعد ڈاکٹر علی شیر باجوہ ارشد ندیم کی سرجری کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے ۔
اتھلیٹکس فیڈریشن ارشد ندیم کو انگلینڈ بھجوانے کے انتظامات کررہی ہے ارشد ندیم کو ٹو کیو اولمپکس کے دوران کہنی کی انجری ہوئی تھی،اتھلیٹ ان دنوں اپنے کوچ سلمان بٹ کی زیر نگرانی فزیکل ٹریننگ کررہے ہیں۔صدر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان میجرجنرل ،جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کا کہنا ہے کہ آئندہ برس شیڈول تین اہم اتھلیٹکس ایونٹس سے قبل ارشد ندیم کو سپر فٹ بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے ۔