ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ارشد شریف قتل کیس میں بڑی پیشرفت

Arshad Shareef Murder Case
کیپشن: Arshad Shareef Murder Case
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے،تحقیقات کے لیے پاکستانی افسران نے فائرنگ کے واقعے میں معجزانہ طور پر بچ جانے والے کراچی کے شہریوں وقار احمد اور خرم احمد سے کینیا میں پوچھ گچھ کی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم نے دونوں بھائیوں خرم احمد اور وقار احمد سے واقعے سے متعلق سوالات کیے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وقار احمد نے بتایا کہ کسی دوست نے ارشد شریف کی میزبانی کا کہا تھا، ارشد شریف میرے گیسٹ ہاؤس پر 2 ماہ سے قیام پذیر تھے، نیروبی سے قبل ارشد شریف سے صرف ایک بار کھانے پر ملاقات ہوئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے وقار احمد نے بتایا کہ نیروبی سے باہر اپنے لاج پر ارشد شریف کو کھانے پر مدعو کیا تھا، واقعے کے روز ارشد شریف نے لاج پر ساتھ کھانا کھایا، کھانے کے بعد ارشد شریف میرے بھائی خرم کے ساتھ گاڑی میں نکلے، آدھے گھنٹے بعد گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع آئی۔

ذرائع کے مطابق خرم احمد نے بتایا کہ لاج سے نکلنے کے بعد 18 کلومیٹر کا کچا راستہ ہے اور پھر سڑک شروع ہوتی ہے، سڑک شروع ہونے سے تھوڑا پہلے کچھ پتھر رکھے تھے، پتھروں کو کراس کرتے ہی فائرنگ ہو گئی، فائرنگ سے خوفزدہ ہوکر گاڑی بھگالی۔

وقار احمد نے تحقیقاتی ٹیم کو بتایا کہ خرم فائرنگ کے واقعے کے دوران معجزانہ طور پر محفوظ رہے، ارشد شریف کے زیر استعمال آئی پیڈ اور موبائل فون کینیا کے حکام کے حوالے کر دیا ہے۔دونوں بھائیوں نے پاکستانی تحقیقاتی افسران کو بتایا کہ ارشد شریف نیروبی منتقل ہونے کا سوچ رہے تھے اور اس کے لیے انہوں نے ویزے کی مدت بھی بڑھوائی۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران پر مشتمل دو رکنی ٹیم تحقیقات کے لیے کینیا میں موجود ہے جہاں چند روز قبل سینئر صحافی ارشد شریف کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔